لاہور پولیس نے ورلڈ ایشین سنوکر چیمپئن احسن رمضان کو حوالات بند کردیا

Aug 04, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار)ورلڈ اور ایشین سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے احسن رمضان کو لاہور پولیس نے حراست میں لیکر حوالات بند میں کردیا۔لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن پولیس نے کلب تاخیر سے تک کھلا رکھنے پر چھاپہ مارا اور نیشنل چیمپئن شپ کی پریکٹس میں مصروف عالمی چیمپئین کو گرفتار کرکے تھانے لے گئی۔لاہور کی قابل پولیس نے ورلڈ چیمپین کی بیلٹ اتروا کر اس سے 15 منٹ تک حوالات میں بند رکھا جبکہ احسن رمضان کی حوالات کے باہر بیلٹ پہنتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔دوسری جانب احسن رمضان نے بتایا کہ کلب سے لے جاتے ہوئے پولیس اہلکار گالیاں دیتے رہے بیلٹ اتروا کے حوالات میں بند کردیا، پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ میں ورلڈ چیمپین ہوں جس پر اہلکاروں نے جواب دیا کہ ہمارے اوپر کون سا احسان کیا ہے۔ ہمیشہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کیلئے کوشش کی اور کامیاب بھی ہوا، مجھے کیا پتہ تھا میرے ملک میں ہی مجھے ذلیل و رسوا کیا جائیگا۔ پاکستان میں پولیس جو چاہے وہ کر سکتی ہے اس بات کا آج مجھے یقین ہوگیا، حوالات سے ایک دوست کے آنے پر 15 سے 20 منٹ بعد رہائی ملی۔ورلڈ چیمپئن احسن رمضان نے وزیراعظم اور نگران وزیراعلی سے اس کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کردیا۔سنوکر کلب پر پولیس ریڈ کے دوران ورلڈ سنوکر چیمپئن احسن رمضان سے بدسلوکی کے معاملے پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔دریں اثناء نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے احسن رمضان کی گرفتاری کے حوالے سے خبر نشر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دیدیا۔ انہوںنے کہا کہ حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔سنوکر چیمپئن سے ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ 

مزیدخبریں