لاہور(خبرنگار)مون سون بارشیں، ضلعی انتظامیہ کی ڈینگی کے خلاف کارروائیاں تیز، 1573 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1463 نوٹسز جاری، 110 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ رواں سال اب تک 43185 نوٹسز، 2035 مقدمات کا اندراج ہو چکا ہے۔23،368 ہاٹ سپاٹس کو کور کیا گیا۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا شہر بھر میں مسلسل بارشوں کے سبب ڈینگی فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ۔ ڈینگی مہم میں سستی اور غفلت برتنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جا رہی۔دریں اثناء رافعہ حیدر کی زیر صدارت 14 اگست کی تیاریوں کیلئے اہم اجلاس ہوا۔ حضوری باغ میں ہونیوالی مرکزی تقریب کی مہمان خصوصی وزیراعلی پنجاب ہونگی۔ تقریب میں غیر ملکی سفیر ، نامور شخصیات اور اعلی حکومتی عہدیداران شرکت کریں گے۔ وطن عزیز کے 77 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے مختلف محکموں کو ٹاسک دئیے گئے۔ جبکہ تجاوزات مافیا کیخلاف بلدیہ عظمیٰ لاہور نے شکنجہ مزید سخت کر دیا۔ انسدادِ تجاوزات کاروائیوں کے دوران 4 ٹرک عارضی تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا۔ 4 دکانیں سیل اور مزاحمت پر ایک آیف آئی آر کا اندراج کروایا گیا۔جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے گرانفروشوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ۔ 14 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ 2615 مقامات کی چیکنگ کے بعد 13 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ 113 خلاف ورزیوں پر 4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔