پنجاب میں ترقی یافتہ ممالک جیسا صفائی کا نظام وقت کی ضرورت ہے: وزیر بلدیات

Aug 04, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں صفائی کا دیرپا اور یکساں نظام رائج کیا جا رہا ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ میں ابتدا میں کچھ چیلنجز ہوسکتے ہیں تاہم ایک دفعہ سسٹم بن گیا تو پھر آسانی ہوگی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آفس میں صوبہ بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پنجاب میں ترقی یافتہ ممالک جیسا صفائی کا نظام لانا وقت کی ضرورت ہے۔ آبادی میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں دنیا کے کامیاب نظام ہائے کو سامنے رکھا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران پنجاب بھر میں صفائی کا نظام آئوٹ سورس کرنے کے نظام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور نجی کمپنیوں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے نجی کمپنیوں کے نمائندوں کو وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف سے آگاہ کیا۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا آئوٹ سورسنگ کا مقصد شہریوں کو صفائی کی موثر اور دیرپا سہولت مہیا کرنا ہے۔ معمولی فیس کے عوض صفائی ستھرائی کی معیاری خدمات ملنے سے شہریوں کو مستقل آسانی ملے گی۔ منتخب ہونیوالی نجی کمپنیوں کو ہر موڑ پر سہولیات دیں گے جبکہ اس تمام عمل کی نگرانی محکمہ لوکل گورنمنٹ کرے گا۔

مزیدخبریں