صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے ،سہولیات کا جائزہ 

Aug 04, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے کئے۔ خواجہ عمران نذیر رائیونڈ، کاہنہ، سمن آباد اور سوڈیوال ہسپتالوں میں جاکر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ رائیونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ایمرجنسی میں ادویات کی کمی پر صوبائی وزیر صحت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کی سرزنش کی اور ادویات کی کمی کے حوالہ سے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر ادویات کی کمی کے حوالہ سے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی موجودگی کے باوجود ادویات کا نہ ملنا ناقابل برداشت ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی سخت ہدایات ہیں کہ مریضوں کو ادویات نہ ملنے پر ہسپتال انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔ صوبائی وزیر صحت رائیونڈ، کاہنہ، سمن آباد اور سوڈیوال ہسپتالوں میں پیڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی، سرجیکل، میڈیسن وارڈز میں گئے اور مریضوں، لواحقین سے ادویات کی دستیابی کے حوالہ سے خصوصی طور پر استفسار کیا۔کاہنہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی ڈیوٹی روسٹرز چیک کیا اور  ڈاکٹرز کی ڈیوٹیوں کو ریشنلائز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ خواجہ عمران نذیر سمن آباد ہسپتال کے پیراپلیجک سنٹر گئے جہاں ایک بچہ کا بازو کرنٹ لگنے سے ضائع ہوگیا انہیں نیا بازو لگا دیا گیا۔ کامیاب آپریشن پر بچہ کے والد کو مبارکباد دی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خواجہ عمران نذیر نے بچہ کو گلدستہ پیش کیا۔

مزیدخبریں