واشنگٹن، غزہ (این این آئی، آئی این پی) غزہ میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی جاری ہیے۔ تازہ ترین بمباری میں مزید47 فلسطینی شہید ہوگئے۔ جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقوں پر اسرائیلی فضائی بمباری میں تین بچوں سمیت آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔خان یونس میں بربخ خاندان کے گھر پر حملے میں چار افراد شہید ہوئے۔ زیتون محلے میں ایک گھر پر اسرائیلی گولہ باری سے ایک لڑکی شہید ہوئی۔ المغازی کیمپ میں حسنی مسجد کے قریب ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہوئے۔وسطی غزہ میں بوریج پناہ گزین کیمپ پر حملے میں ایک بچہ شہید ہوا۔ شہدا کی مجموعی تعداد 39 ہزار 500 ہوگئی۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کمانڈر سمیت 5افراد شہید ہو گئے ۔ اسرائیلی فوج کا شہر تلکرم کے قریب عسکریت پسندوں کے ایک سیل کو نشانہ بنایا ہے۔ ادھرشیخ ردوان محلے میں الہمامہ سکول کو 2 بار نشانہ بنایا ، جہاں سینکڑوں افراد موجود تھے، جس میں 17 شہادرتیں ہوئیں۔ گرفتار ہونے والے الاقصیٰ مسجد کے امام اور سابق مفتی اعظم شیخ عکرمہ صابری کو رہا کر دیا گیاتاہم عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے شیخ عکرمہ صابری کے مسجدالاقصی میں داخلے پر8 اگست تک پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکہ اور برطانیہ نے کشیدگی میں اضافے کے بعد اپنے شہریوںکو فوری لبنان چھوڑنے کا حکم دیدیا جبکہ دوسری طرف لندن میں اسرائیلی مظالم کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا، عرب میڈیا کے مطابق ہزاروں افراد نے غزہ کی حمایت میں ریلی نکالی۔ جس میں اسرائیلی مظالم رکوانے اور اسرائیل کو ہتھاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسماعیل ہانیہ کے قتل کے بعد اسرائیل کے خلاف انتقام کی دھمکیوں کی لہر کے دوران امریکی فوج نے جنگی بحری جہاز مشرق وسطیٰ بھیجنے کے حکم کیساتھ خطے میں زمینی میزائل ڈیفنس سسٹمز میں بھی اضافہ کر دیا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق پینٹاگون لڑاکا جیٹ طیاروں کا سکواڈرن مشرق وسطی بھیجے گا۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بیلسٹک میزائل کو مارگرانے کی صلاحیت رکھنے والے اضافی نیوی کروزر اور ڈیسٹرائٹر مشرق وسطیٰ اور یورپ بھیجنے کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے امریکی فورسز کے تحفظ اور اسرائیل کی حفاظت کیلئے امریکی دفاعی پوزیشن میں تبدیلی کا حکم دیا ہے۔
اسرائیلی دہشتگردی، 47 فلسطینی شہید، امریکہ جنگی طیارے، بحری بیڑے، میزائل ڈیفس سسٹم بھیجے گا
Aug 04, 2024