اسلام آباد(آئی این پی ) بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے وزارت خزانہ اور وزارت توانائی نے مختلف تجاویز دے دیں۔ کپیسٹی پیمنٹ ادائیگیوں کیلئے 4 ٹریلین روپے تک کی رقم یکمشت ادا کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ آئی پی پیز کو رقم یکمشت دے کر بجلی بلوں میں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی پی پیز کو ادائیگیاں آئندہ تین سے پانچ برسوں کیلئے اکٹھی کر دی جائیں، اکٹھی رقم فراہم کرنے پر آئی پی پیز کی ادائیگیوں کا بوجھ اور گردشی قرضہ کم ہو گا۔ آئی پی پیز کو ادائیگیاں یکمشت کرنے سے بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ سے زائد کمی ہو گی، وزارت توانائی کی جانب سے ٹوٹل رقم وزارت خزانہ کو اکٹھی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ تجویز کے مطابق وزارت خزانہ فنانسنگ ارینج کرنے کے بعد رقم وزارت توانائی کو فراہم کرے، وزارت توانائی وزارت خزانہ سے رقم لیکر آئی پی پیز کو یکمشت ادا کرے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے بجلی بلوں میں ریلیف کو آئی ایم ایف سے مشروط کر دیا، وزیراعظم شہبازشریف کو ان تجاویز سے آگاہ کیا گیا ہے لیکن حتمی فیصلہ نہیں ہوا، وزارت خزانہ و وزارت توانائی حکام بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے گزشتہ ہفتے سے ملکر کام کر رہے ہیں۔
آئی پی پیز کو رقم یکمشت دے کر بجلی بلوں میں ریلیف دیا جا سکتا ہے
Aug 04, 2024