لاہور+اسلام آباد (کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تاجر دوست سکیم پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریٹیلرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں، انہوں نے ہدایت دی کہ سادہ ٹیکس ریٹرن فارم کے فوری اجراء کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے وزیر مملکت برائے ریونیو علی پرویز ملک کے ہمراہ ریجنل ٹیکس آفس لاہور میںتاجر دوست سکیم کے مرکزی سیکرٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیف کوآرڈی نیٹر تاجر دوست سکیم نعیم میر، ممبر آپریشن میر بادشاہ خان، چیف آپریشن نازیہ زیب اور چیف کمشنر آرٹی او ٹو احمد شجاع نے استقبال کیا۔ اس موقع پر تاجر رہنما حسام علی اصغر، سہیل بٹ، شاہد نذیر، میاں خلیل عبیر، عابد میر، عبدالرئوف مغل، رضوان بٹ، عبدالرحمن، ذوالفقار بھٹی، عارف گجر اور فوکل پرسن تاجر دوست سکیم احمد حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیتہ کاٹ کر تاجر دوست سکیم کے مرکزی سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا اور مختلف چیمبرز کا دورہ کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تاجر نمائندگان کے ساتھ میٹنگ کی جس میں تاجر نمائندگان نے تاجر دوست سکیم کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تاجر دوست سکیم کی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ کو تمام ریجنل ٹیکس آفسز میں دورے کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ نعیم میر نے سادہ ٹیکس ریٹرن فارم کے فوری اجراء کی ضرورت پر زور دیا۔ تاجروں نے ایڈوانس ٹیکس ٹیبل کی اپر لِمٹ پر بھی تاجروں نے نظرثانی کرنے کی درخواست کی جس پر وزیر خزانہ نے نظر ثانی کمیٹی کے طریق کار کو جلد وضع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ نعیم میر نے تاجر نمائندگان کی طرف سے مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر آر ٹی او لاہور کی جانب سے تاجر دوست سکیم پر بریفنگ بھی دی۔ وزیر خزانہ نے لاہور میں تاجر دوست سکیم کی کارکردگی کو سراہا۔