اسلام آباد؍کراچی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت منسوخی کا علم نہیں، نوٹیفکیشن جعلی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور عمران خان کے سامنے ساری صورتحال رکھوں گا۔ شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کے نوٹیفکیشن پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم اس وقت شیر افضل مروت کی رکنیت کیسے ختم کر دی گئی جب کسی کمیٹی نے ان کو بلایا تک نہیں۔ جبکہ شیر افضل مروت نے کہا کہ میں خان کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا۔ ایکس پر لکھا کہ میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا۔ اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا تو کروں گا۔ میرے قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا ہے۔ غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، میں کوشش کروں گا لیڈر سے مل کر اپنا مؤقف ان کے سامنے پیش کروں۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کو مطمئن کرنے کی کوشش کروں گا۔ اگر وہ مطمئن نہ ہوئے تو سیٹ ان کی امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دوں گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جمیل الزماں نے شیر افضل کو پی پی پی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ ترجمان مخدوم ہاؤس نے بتایا جمیل الزمان جلد اسلام آباد میں شیر افضل سے ملیں گے۔ شیر افضل کی رکنیت ختم کرنے پر پی ٹی آئی میں بھی کنفیوژن ہے، نعیم پنجوتھا نے نوٹیفکیشن کو درست قرار دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ایم این اے شیر افضل مروت کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوسِ شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے شیر افضل مروت کی رکنیت ختم کرنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہارِ کیا اور کہا کہ اس فیصلے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تاہم شیر افضل مروت نے کہا کہ میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ شیر افضل نے بیرسٹر گوہر سے رابطہ کر کے قومی اسمبلی اور پارٹی سے ازخود استعفیٰ دینے کی پیشکش کر اپنا اتھارٹی لیڈر بھجوا دیا۔ مطالبہ کیا میرے خلاف پارٹی رہنماؤں کی بیان بازی رکوائیں۔