پشاور+ بھیرہ (آئی این پی+ نامہ نگار) فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی طرح کبھی نہیں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں اور نہ ان کی طرح اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سوار ہو کر حکومت میں آنا چاہتے ہیں۔ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہماری حکومت باجوہ چلاتا ہے مگر پی ٹی آئی والے کہتے تھے کہ وہ ایک پیج پر ہیں اور باجوہ ہماری حکومت چلاتے ہیں لیکن ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ وہ سب سے برے تھے۔ گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبائی حقوق پر بات کرنے کیلئے جرگہ اراکین کا اعلان جلد کریں گے، جرگہ اراکین دلائل سے لڑکر وفاق سے اپنا حق لیکر آئیں گے، پی ٹی آئی ہمارے ساتھ جرگے میں بیٹھے گی تو خوش آمدید اور نہ بیٹھے تو ہمیں کوئی تکلیف نہیں۔ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے کہ آپ جامعات کی زمینیں بیچیں، جب تک میں ہوں میں ان کو ایک بھی زمین بیچنے نہیں دوں گا۔ علاوہ ازیں فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا سیاسی جماعتوں کی ٹاسک فورس تیار کر کے وفاق سے اپنا حق لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس میں شمولیت کے لئے پی ٹی آئی کو بھی دعوت دیں گے لیکن وہ نہ آئے تو ہمیں تکلیف نہیں ہو گی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے اور عوامی مسائل کے حل کرنے کے لیے کام کیا اور جمہوریت کی خاطر اس کی قیادت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پارٹی اپنے قائدین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن پر عمل پیرا رہے گی وہ چن ہاؤس بھیرہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چن ہاؤس پہنچنے پر ان کا استقبال پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ندیم افضل چن اور پارٹی ورکروں نے کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں، مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی ہمارے ساتھی تھے جب وہ ہمارے پاس آتے تھے تو پی ٹی آئی کی قیادت اسے چمک کا ذریعہ قرار دیتی تھی، اب پی ٹی آئی والے بتائیں کہ وہ مولانا اور اچکزئی سے کس بنیاد پر اتحاد کر رہے ہیں۔