اسلام آباد (اپنے سٹاف رپو رٹر سے) عراق کے ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل اور وفد کاخیر مقدم کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل تہامیر اسماعیل اور وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کے مابین ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی زائرین سے عراق میں پاسپورٹ نہ لینے اور زائرین کو زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عراقی پولیس کو پاکستان میں تربیت دینے اور سیف سٹی پراجیکٹ میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ عراقی وفد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق کے دورے کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل اور وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے۔ امید ہے عراقی حکومت اس ضمن میں جلد حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عراقی بہن بھائیوں کے لیے ویزا فری سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انشاء اللہ جلد عمل شروع ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر2008 ء سے رکے مارگلہ روڈ کی تعمیر و کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے17 برس سے رکے ہوئے مارگلہ روڈ کی تعمیر و کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور سفالٹ کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معیار بھی چیک کیا اور تعمیراتی کام14 اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔