ایران نے او آئی سی اجلاس بلانے کی درخواست کر دی، اسحاق ڈار کو شرکت کی دعوت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کانی نے سینیٹر اسحاق ڈار کو فون کیا۔ قائم مقام وزیر خارجہ نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایران کی قوم اور قیادت سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ڈپٹی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی ان جذبات میں شریک ہیں۔ ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ نے ڈپٹی وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں۔ یہ اجلاس ایران کی درخواست پر منعقد کیا جا رہا ہے اور جلد متوقع ہے۔ ڈپٹی وزیر اعظم نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے مطالبے کی مکمل حمایت کی اور اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان اس اہم اجلاس میں فعال طور پر حصہ لے گا۔ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کانی نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا وزرائے خارجہ اجلاس طلب کرنے کی درخواست کر دی۔ علی باقری نے قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، عمان، اردن، روس اور الجزائر کے وزرائے خارجہ کو فون کر کے معاملے پر بات چیت کی۔ انہوں نے اسماعیل ہانیہ کو شہید کرنے کی اسرائیلی دہشتگردانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس حملے کا جواب دینے کا قانونی حق رکھتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن