لندن چاقو حملہ میں 3 بچے قتل، پاکستانی زخمی، پولیس سٹیشن نذر آتش، جھڑپیں

لندن (آئی این پی) ساؤتھ پورٹ میں چاقو زنی سے 3 بچوں کے قتل کے بعد انتہا پسندوں نے طیش میں آکر پولیس سٹیشن کو جلانے کے ساتھ ساتھ پولیس پر پتھر برسا دیئے۔ سندرلینڈ میں فسادیوں نے مرکزی پولیس سٹیشن کو آگ لگا دی۔ پولیس اہلکاروں پر آگ بجھانے والے آلات سے بھی حملے کیے گئے، انتہاپسندوں کی جانب سے علاقے میں ایک گاڑی کو آگ لگا دی گئی جبکہ سائوتھ پورٹ میں ایک پاکستانی کو بھی چاقو مار کر زخمی کر دیا گیا۔ عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ چاقو مارنے کی واردات کراسبی ٹرین سٹیشن کے قریب پیش آئی، چاقو سے حملہ کرنے والا سفید فام تھا، پولیس اور ایمبولینس25  منٹ بعد مدد کو پہنچے۔ دوسری جانب لیورپول میں مسجد کے باہر دو حریف گروہوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا ہے جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین امیگرینٹس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے جبکہ مسجد کے باہر کھڑے افراد کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں نازی ازم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ ناقابل قبول صورتحال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ برطانوی وزیر داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ فسادیوں کو اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔ علماء کرام نے بچوں کے قتل کے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پھول رکھے۔ خطاب کرتے کہا اسلام امن اور رواداری‘ دیگر مذاہب کیساتھ محبت‘ بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن