لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی کی کال پر مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ٹوکن احتجاج کے طور پر انار کلی کے تمام بازاروں میں تین گھنٹے کیلئے شٹرڈائون ہڑتال کی گئی۔ تاجروں کی جانب سے کاروبار بند کر کے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا گیا۔ آل پاکستن انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا حکومت سے اپیل ہے ہمارے مسائل حل کرے، موجودہ حالات میں بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی نا ممکن ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے حکومت کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا۔ صوبائی دارالحکومت کے تمام تاجر ہڑتال کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے انہیں اس اقدام سے روکا ہے اور پہلے مرحلے میں ٹوکن احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انار کلی کے تمام بازاروں میں تاجروں نے دو سے پانچ بجے تک کاروبار بند کر کے پُر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اُمید رکھتے ہیں کہ حکمران اور متعلقہ ادارے ہمارے مسائل کو سنیں گے اور انہیں حل بھی کریں گے۔