ڈنمارک 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کریگا، وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی، وزیر بحری امور

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی بندر گاہوں پر ڈنمارک کی جانب سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے صحافیوں کو اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ ڈنمارک پاکستانی بندرگاہوں کو ڈویلپ کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری پر تیار ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کے لیے وزیر پورٹ اینڈ شپنگ رواں ماہ ڈنمارک جائیں گے جب کہ وفاقی کابینہ نے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ایم او یو کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ایم او یو دنیا کی سب سے بڑی شپنگ لائن مرسک اور کے پی ٹی کے مابین ہو گا۔ ڈنمارک کی مرسک شپنگ لائن 2 سال میں 2 ارب ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی۔ سرمایہ کاری سے بندرگاہوں کے انفراسٹرکچر، ٹرمینلز ڈریجنگ ٹرانس شپمنٹ اور سڑکوں کی تعمیر ہو گی۔ مرسک شپنگ لائن پاکستان میں بڑے ویئر ہاؤسز کی تعمیر اور شپ بریکنگ بھی کرے گی۔ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو نجکاری فہرست میں شامل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ پی این ایس سی سٹریٹیجک ادارہ نہیں ہے۔ پی این ایس سی جتنا منافع کماتا ہے اس سے کہیں زیادہ کمایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سی ایف او پی این ایس سی جرار حیدر کاظمی نے بتایا کہ رواں سال پی این ایس سی کا منافع 20 ارب روپے ہونے کی توقع ہے۔ گزشتہ برس پی این ایس سی کی آمدنی 30 ارب روپے سے زائد تھی۔ گزشتہ سال بحری جہاز کی فروخت، مہنگے ڈالر اور فریٹ ریٹ زیادہ ہونے سے آمدنی زیادہ ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن