سیمنٹ کی فروخت میں 6.81 فیصد کمی ‘ایکسپورٹ 21.65فیصد بڑھ گئی

Aug 04, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر) جولائی 2024 کے مہینے میں سیمنٹ کی فروخت میں 6.81 فیصد کمی کا سامنا رہا، مجموعی فروخت 3.010ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ سال جولائی کے مہینے کی فروخت 3.230ملین ٹن رہی تھی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2024کے مہینے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 2.463ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جولائی 2023ے مہینے کی فروخت 2.780ملین ٹن سے 11.41فیصد کم رہی۔ جولائی 2024میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 21.65فیصد اضافہ سے  5لاکھ47ہزار 162ٹن رہی جبکہ جولائی 2023کی ایکسپورٹ 4 لاکھ 49ہزار 792ٹن رہی تھی۔ جولائی 2024 کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی فروخت 2.192ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جولائی 2023کے مہینے کی فروخت 2.474ملین ٹن سے  11.40فیصد کم رہی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ زیادہ ٹیکس اور بڑھتی ہوئی ان پٹ لاگت ملک کے سیمنٹ سیکٹر کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسلسل 11واں مہینہ ہے جس کے دوران ملک میں سست معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے سیمنٹ کی مقامی طلب میں کمی کا رجحان ظاہر ہو رہا ہے۔ سیمنٹ انڈسٹری حکومت پر زور دیتی ہے کہ وہ اپنی ٹیکس پالیسیوں پر نظرثانی کرے تاکہ معیشت کے اس اہم شعبے پر ٹیکسوں کے بھاری بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری حکومت کی معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی مہم کی حمایت کرتی ہے لیکن بہت چھوٹے خوردہ فروشوں کو سیلز ٹیکس کے پیچیدہ نظام میں رجسٹر کرنے پر مجبور کرنے اور پی او ایس لگانے سے کوئی اضافی سیلز ٹیکس ریونیو حاصل کرنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ سیمنٹ تھرڈ شیڈول آئٹم ہے اور ریٹیل قیمت میں شامل سیلز ٹیکس کی رقم مینوفیکچرر کی طرف سے پہلے ہی ادا کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں