لاہور (نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 78 کارروائیاں کیں۔ جن میں 79 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 3 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالوہاب، سیف اللہ اور خرم عباس شامل ہیں۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں لشکر جھنگوی، داعش اور سپاہ محمد سے ہے۔ گرفتاری چکوال، فیصل آباد اور خوشاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران عمل میں لائی گئی۔ بارودی مواد 1625 گرام، دستی بم3، آئی ای ڈی بم 2، ڈیٹونیٹر 3، سیفٹی فیوز وائر 8 فٹ، پمفلٹ 12، سٹیکرز 10، اور 22250 روپے نقدی برآمد ہوئی۔ دہشت گرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔