خیبرپی کے  حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا، منظور شدہ فیصلے واپس ہونا شروع

Aug 04, 2024

پشاور (آئی این پی ) خیبرپی کے  حکومت کو شدید مالی مشکلات کا سامنا، منظور شدہ فیصلے واپس ہونا شروع ہو گئے  ۔ خیبرپی کے میں ہزاروں اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر حکومت نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق دور حکومت میں ہونے والی اپ گریڈیشن کی منظوری واپس لینے کی تیاری کر لی۔ دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی نے گزشتہ دور حکومت میں 1 لاکھ 60 ہزار640 اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا تھا، پرائمری سکول ٹیچرز کو گریڈ 12 سے 14 میں ترقی دینا تھی جبکہ سینئر پرائمری ٹیچرز کی 14 سے گریڈ 15 میں ترقی کی منظوری دی گئی تھی ۔ اسی طرح پرائمری سکول ہیڈ ٹیچرز کو گریڈ 16 میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور سینئر سکول ٹیچر کوگریڈ 16 سے ترقی دیکر گریڈ 17 میں کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن اب حکومت نے اساتذہ کی ترقی کا فیصلہ مالی مشکلات کے باعث واپس لے لیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو ترقی دینے سے خزانے پر سالانہ 36 ارب 38 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، محکمہ خزانہ نے اعتراض کرکیساتذہ کی اپ گریڈیشن کی سمری منسوخ کرنے کی درخواست دیدی جبکہ اپ گریڈیشن کا فیصلہ واپس لینے پر صوبہ بھرمیں اساتذہ تنظیموں نے احتجاج کا عندیہ دے دیا ہے۔ 

مزیدخبریں