ملک بھر میں طوفانی بارشیں،نشیبی علاقے زیر آب، چھت، دیواریں گرنے سے17 جاں بحق

Aug 04, 2024 | 13:57

لاہور میں ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ آسمان پر بادلوں کا بھی راج ہے جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے باعث مکان کی چھت، دیواریں گرنے اور آسمانی بجلی کی زد میں خاتون اور 5 بچوں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔اعدادو شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے جبکہ لاہور میں آج بارش برسنے کے 20 فیصد امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جامشور، میرپورخاص اور نوشہروفیروز سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جامشورو میں کوہستانی علاقے میں بارش نے تباہی مچادی، مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد بھیڑ بکریاں برساتی پانی میں بہہ گئیں، کئی دیہات کا جامشورو سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔ اس کے علاوہ میرپورخاص، نوشہرو فیروز، بھٹ شاہ، نیو سعیدآباد، مٹیاری، ہالا اور میٹاری سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ اہم شاہرائیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ مسلسل بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ دادو شہر اور گرد و نواح میں 10 گھنٹوں سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علائقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ 10گھنٹوں سے شہر اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، بجلی کے طویل بریک ڈاؤن سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مزیدخبریں