اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آج منائے جانے والے یومِ شہدائے پولیس کے موقعے پر شہید جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے بیان میں قوم کےلیےجانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف گراں قدر خدمات کی تعریف کی۔بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہرادل دستے کے طور پر بے جگری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں پیش کیں. پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پولیس کا کردار نمایاں ہے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پولیس کے جوان ملک کے مختلف حصوں میں سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے وطن پر جانیں نچھاور کررہے ہیں. پاکستانی قوم کی جانب سے پولیس شہداء کو خدمات اور قربانیوں پر سلیوٹ کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس آج منایا جارہا ہے، ہر سال 4 اگست کے روز منائے جانے والے یومِ شہدائے پولیس کے موقعے پر قیامِ امن کیلئے تمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہا جاتا ہے اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔