گوجرانوالہ: پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں تمام مدارس رجسٹرڈ ہیں، مدارس میں کوئی دہشت گردی نہیں ہوتی۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے استحکام پاکستان علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہودیوں کی بنائی ہوئی چیزیں چھوڑنے کو تیار نہیں. آج یہودیوں نے ہماری معیشت کو جکڑا ہوا ہے۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ اگر کوئی مدرسہ ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہے تو آپ ہمیں بتائیں ہم خود اسے بند کردیں گے، کل پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منائیں گے. آج جو فلسطینیوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہی کشمیریوں کے ساتھ ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا، کوئی جبری گمشدگی نہیں ہوئی، عدالتیں آج تک 9 مئی کے مجرموں کو سزا نہیں دے سکیں. میں چاہتا ہوں تمام سیاسی جماعتیں مل کر بات چیت کریں۔چیئرمین علماء کونسل نے کہا کہ اگر فوج سیاست میں نہیں آنا چاہتی تو ہم اس کو زبردستی کیوں گھسیٹ رہے ہیں، ہمیں امید ہیں محمود خان اچکزئی ہی سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کریں گے، ایران اگر اسرائیل پر حملہ کرتا ہے تو پاکستان او آئی سی کے ساتھ کھڑا ہے، او آئی سی نے جو فیصلہ کیا پاکستان اس کے ساتھ کھڑا ہو گا۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر ہماری قانونی اور دینی جماعتوں کی مشاورت چل رہی ہے، سب کی متفقہ رائے سے جو بھی فیصلہ ہو گا اس پر عمل ہوگا. پاکستان کے کسی مدارس میں کوئی منفی سرگرمی نہیں ہو رہی. اگر کوئی ہوئی ہم خود اسکے خلاف کارروائی کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 14 اگست کو تمام مدارس پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے. جن کو ہم نے 40 سال پالا ہے وہ ہمیں آنکھیں دکھا رہے ہیں. تمام پاکستانی اپنے پرچم کی حفاظت اور اس کی عزت کرنا جانتے ہیں۔