ملک بھر میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب، چھتیں گرنے سے 12 افراد جاں بحق

Aug 04, 2024 | 17:32

ویب ڈیسک

اسلام آباد:  ملک کے بیشتر شہروں میں مون سون بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، خستہ حال گھروں کی چھتیں گرنے کے باعث 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی سے فصلیں تباہ اور سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے۔میانوالی میں بارش کے باعث برساتی نالوں میں شدید طغیانی سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ روجھان میں کوہ سلیمان سے نکلنے والے زنگی اور سوری نالوں میں طغیانی سے سیلابی ریلا قریبی بستیوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث 100 سے زائد مکانات پانی میں ڈوب گئے، علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔بارشوں سے کندیاں کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی اور چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔سندھ کے علاقے جامشورو، خیر پور ناتھن اور اوستہ محمد میں بادل کھل کر برسے، جامشورو میں بارش کے باعث کئی مکانوں کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔نوشہرو فیروز میں چھتیں گرنے کے تین واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے، جیکب آباد میں گاؤں شاہ دوست میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی. چھت گرنے سے2 افراد ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے۔دادو میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، کاچھو کے سیکڑوں دیہات کا دادو اور جوہی شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ضلع کرک میں دو بچوں سمیت 4 افراد برساتی نالوں میں ڈوب گئے، تین کی نعشیں نکال لی گئیں. بابل خیل برساتی نالے کوعبور کرنے کے دوران نانا اور نواسہ ڈوب گئے، لواغرالگڈہ میں برساتی نالے میں ڈوبنے والے 26 سالہ شہزاد کی نعش نکال لی گئی۔ٹانک میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے بچے سمیت 3 خواتین جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

مزیدخبریں