لندن (نیٹ نیوز) امریکی پاپ گلوکارہ بیونسے کو گریمی ایوارڈز کے 10 شعبوں میں ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر لوک گلوکار ٹیلر سوئفٹ ہیں جنہیں آٹھ شعبوں میں نامزدگی ملی ہے۔ بہترین البم کیلئے ان دونوں گلوکاراؤں کا مقابلہ لیڈی گاگا اور ڈیو میتھیوز کے بینڈ ’’بلیک آئی پیز‘‘ سے ہے جسے 6 نامزدگیاں ملی ہیں۔ ’’بلیک آئی پیز‘‘ کے علاوہ آر اینڈ بی گلوکار میکسویل اور ریپ گلوکار کین ویسٹ کو بھی 6 شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے۔ گریمی ایوارڈ کے اہم شعبہ جات کی نامزدگیوں کا اعلان لاس اینجلس میں ایک کنسرٹ کے دوران کیا گیا جس کی میزبانی ریپ گلوکار ایل ایل کول جے نے کی جبکہ دیگر ایک سو نو ایواڈز کیلئے نامزدگیوں کا اعلان بعد میں کیا گیا۔ گلوکارہ بیونسے کی البم ’’آئی ایم ساشا فیئرس‘‘ میں شامل گانوں ’’سنگل لیڈیز‘‘ کو بہترین نغمے اور ’’بیلو‘‘ کو بہترین ریکارڈ کے شعبے میں نامزد کیا گیا ہے۔ اسی البم کو بہترین البم کے شعبے میں نامزدگی ملی ہے۔ انیس سالہ لوک گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی البم ’’فیئرلیس‘‘ کے گانے ’’یو بیلونگ ودھ می‘‘ کیلئے بہترین نغمے اور بہترین ریکارڈ کے شعبے میں بیونسی کا مقابلہ کریں گی۔ ٹیلر سوئف وہ گلوکارہ ہیں جن کے گانے مائیکل جیکسن کو چھوڑ کر رواں برس امریکہ میں سب سے زیادہ فروخت ہوئے ہیں۔ اکیانویں گریمی ایوارڈز میں بہترین نغمے کا اعزاز جیتنے والے بینڈ کولڈ پلے کو کسی گروپ کی بہترین راک پرفارمنس اور بہترین ویڈیو کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گریمی ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان 31 جنوری کو لاس اینجلس کے سٹیپلز سنٹر میں کیا جائیگا۔