موغادیشو(اے ایف پی) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بنادیر یونیورسٹی کے میڈیکل طلبہ کی تقریب کے دوران خودکش حملے میں 3 وزراءسمیت 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ خودکش حملہ نے برقعہ پہن رکھا تھا اور وہ تقریب میں بطور مہمان شرکت کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق موغادیشو کے ایک مقامی ہوٹل میں بنادیر یونیورسٹی کے تینتالیس طالب علموں کی گریجوئیٹ تقریب جاری تھی کہ اس دوران خودکش حملہ ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریب میں پانچ وزراءشریک تھے جن میں سے وزیر صحت قمر عدن علی، وزیر تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کے وزیر خودکش حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ صومالیہ میں بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا زمین پر متعدد لاشوں کو پڑے دیکھا ہے نامہ نگار کے مطابق تقریب کے دوران ہوٹل کے میٹنگ ہال میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جہاں اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں لوگ گریجوئیٹ تقریب میں شریک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہال میں سکیورٹی کے انتظامات کم تھے جبکہ وزراءکے سکیورٹی گارڈز بھی ہال کے باہر کھڑے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو صحافی بھی شامل ہیں۔ موغادیشو میں واقع ہوٹل شامو میں زیادہ تر غیر ملکی امدادی کارکن، صحافی اور سفارت کار ٹھہرتے ہیں۔ خیال رہے کہ صومالیہ میں 1991ءسے قومی حکومت کا وجود نہیں ہے۔ اسلامی شدت پسند اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت سے لڑائی کر رہے ہیں اور انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی رٹ قائم کر رکھی ہے۔