وفاقی کابینہ کی دفاعی کمیٹی نے مہمند ایجنسی میں نیٹو حملے کے بعد شمسی ائیربیس پندرہ روز میں خالی کرانے کا فیصلہ کیا تھا ، ذرائع کے مطابق دفاعی کمیٹی کے اس فیصلے پر آج سے باقاعدہ عمل درآمد شروع ہوگیا ہے اور امریکی طیارہ اپنےفوجی اہلکاروں کو لینے شمسی ائیر بیس پہنچ گیاہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں سامان کی لوڈنگ کی جارہی ہے جس کے بعد یہ طیارہ پاکستان سے روانہ ہوجائے گا۔روانگی سے قبل امریکی اہلکاروں نے پرانی چیزیں ، کاغذات اوردیگر اشیاء جلادی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس دوران شمسی ایئرپورٹ پر سکیورٹی انتہائی سخت ہے، ایئرپورٹ کی طرف جانے والی سڑک سیل کردی گئی ہے جبکہ قریبی پہاڑیوں میں قیام پذیرخانہ بدوشوں کو بھی باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اہلکار جو گاڑیاں استعمال کرتے تھے ان میں حساس آلات نصب ہیں تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ وہ گاڑیاں بھی واپس لے جائی جائیں گی یا نہیں۔