لاہور (پ ر) صوبائی وزیر زراعت ملک احمد علی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لیہ میں گذشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران ماڈرن روڈ نیٹ ورک کی تشکیل کیلئے 2 ارب 93 کروڑ 42 لاکھ 81 ہزار روپے کی لاگت سے 55 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے داسو مائنڈ لنک روڈ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایم پی اے قیصر عباس مگسی‘ سابق تحصیل ناظم چوبارہ چودھری تصدق حسین وینس‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ 441.33 کلومیٹر سے زائد لمبی نئی سڑکات سے ضلع لیہ کے 18 لاکھ شہریوں کو ذرائع آمدورفت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی‘ جو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ضلع کے عوام کے ساتھ خصوصی محبت و شفقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام شعبوں میں سینکڑوں میگا پراجیکٹس مکمل کئے ہیں جس سے نہ صرف لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوا ہے بلکہ دیہی و شہری زندگی کے فرق کو کم کرنے میں بھی نمایاں مدد ملی ہے۔
لیہ میں ساڑھے 4 سال کے دوران 55 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے: احمد علی اولکھ
Dec 04, 2012