مجید نظامی نئی نسلوں کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کر کے احساس تفاخر پیدا کر رہے ہیں: عطاالحق قاسمی

Dec 04, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹ) وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنے حصے کا کردار نیک نیتی سے ادا کرنا چاہیے۔ زبانی کلامی دعوﺅں کے بجائے عمل کو ترجیح دیں تو پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار معروف ادیب و دانشوراور الحمراءآرٹس کونسل لاہور کے چیئرمین عطاءالحق قاسمی نے نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے پاکستان آگہی پروگرام کے تحت ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے گورنمنٹ منور ماڈل سکول‘وسن پورہ لاہور کی طالبات اور اساتذہ¿ کرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ بلند و بانگ دعوﺅں کی جگہ اگر ہم عمل کرنا سیکھ جائیں تو ملک و قوم کے لیے بڑی خیر و برکت کا باعث ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں کچھ لوگ نئی نسل کو نظریہ¿ پاکستان کے بارے میں ابہام میں مبتلا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ایسے لوگوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بننے سے قبل برصغیر کے مسلمانوں کو متعصب ہندو اکثریت کے ہاتھوں کیسے بد تر حالات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نہ بنتا تو شاید میں ایم اے نہ کر پاتا ۔ آج ہم جو کچھ بھی ہیں‘آزاد پاکستان کے شہری ہونے کی بدولت ہیں۔ آزادی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں‘ لہٰذا اس کی قدر اور حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے جناب مجید نظامی کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ نئی نسلوں کو نظریہ¿ پاکستان سے آگاہ کر کے ا ن میں احساس تفاخر پیدا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے عطاءالحق قاسمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کو حال ہی میں قطر میں منعقدہ ایک تقریب میں اعلیٰ ادبی ایوارڈ ملنے پرمبارکباد پیش کی۔

مزیدخبریں