لیگی اتحاد ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتا ہے: مسلم لیگ ہمخیال


لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین چودھری حامد ناصر چٹھہ، صدر ڈاکٹر ارباب غلام رحیم اور چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سلیم سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگی اتحاد ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتا ہے، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ہم خیال ہمایوں اختر خان کا مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کرنا ہماری پارٹی کے لئے باعث فخر ہے۔ اپنے ایک مشترکہ وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا ہماری پارٹی کی خواہش ہے کہ مسلم لیگی اتحاد ملک کے لئے بہترین قابل عمل منشور تیار کرے لہٰذا اس منشور کی تیاری کے لئے مسلم لیگ ہم خیال کی نمائندگی ہمایوں اختر خان کر رہے ہیں۔ ہماری پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔ پارٹی کے تمام قائدین اور سٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان مکمل ہم آہنگی کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔ جہاں تک پارٹی کے مالی معاملات کا تعلق ہے پارٹی ایک طریقہ کار کے تحت چلائی جاتی ہے جس کی منظوری پارٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی دے چکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن