بلوچ عوام کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعظم

Dec 04, 2012

اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تعمیرو ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ بلوچ عوام کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں‘خےبر پی کے اسمبلی کا آئینی کردار قابل تعریف ہے دیگر صوبے بھی ان کی تقلید کریں‘ پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر کرامت اللہ خان‘ وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی اور ایم این اے آیت اللہ درانی سے گفتگو میں کہا۔ سپیکر کے پی کے اسمبلی سے ملاقات میں صوبے میں امن و امان سمیت دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر زرداری کا خیبر پی کے اسمبلی سے خطاب جمہوری روایات میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں اپوزیشن اور حکومت مل کر مثبت قانون سازی کررہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور اجمیر شریف کے پیر بلال چشتی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وزارت انسانی حقوق کی جانب سے وزارت میں انسانی حقوق کے محافظوں کے تقرر کی تجویز اصولی طور پر منظور کرلی ہے۔ وزیراعظم نے یہ فیصلہ پیر کو وزیراعظم ہاﺅس میں وزارت انسانی حقوق کی جانب سے وزارت کی کارکردگی کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ میں کیا۔ 

مزیدخبریں