پرتھ (اے پی پی) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز رکی پونٹنگ اپنے کیرئیر کے آخری ٹیسٹ میچ کو یادگار نہ بنا سکے۔ آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں صرف 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ پونٹنگ نے پرتھ ٹیسٹ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ 37 سالہ پونٹنگ نے دسمبر 1995ءمیں پرتھ ہی کے مقام پر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انہوں نے 168 ٹیسٹ میچوں میں 51.85 کی اوسط سے 13378 رنز سکور کئے جس میں 6 ڈبل سنچریاں، 41 سنچریاں اور 52 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا بہترین سکور 257 ہے۔
رکی پونٹنگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ سیریز کھیلی، یہ سیریز ان کیلئے انتہائی مایوس کن رہی ۔اور وہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ اور تین میچوں میں 6.40 کی اوسط سے 32 رنز بنائے۔ انہوں نے پرتھ میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلا۔ پیر کے روز جب وہ بیٹنگ کے لئے آئے تو گراﺅنڈ تالیوں سے گونج اٹھا اور وہاں موجود شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تاہم وہ کیرئیر کی آخری اننگز کو یادگار نہ بنا سکے اور 8 رنز بنانے کے بعد روبن پیٹرسن کی گیند پر جیک کیلس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، اس طرح ان کے شاندار کیریئر کا اختتام ہوگیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، انہیں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ رکی پونٹنگ نے 375 ون ڈے میچوں میں 42.03 کی اوسط سے 13704 رنز سکور کئے جس میں 30 سنچریاں اور 82 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کی قیادت میں آسٹریلیا دو بار عالمی چیمپئن بنا۔
عظیم بلے باز رکی پونٹنگ کا شاندار کیریئر اختتام پذیر
Dec 04, 2012