قومی اسمبلی کی دو اور پنجاب اسمبلی کی چھ جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پرضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات, پولیس کے ساتھ رینجرزکو بھی تعینات۔

Dec 04, 2012 | 09:09

آٹھ نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کاآغاز صبح آٹھ بجے جبکہ سندھ اسملبی کی ایک نشست کیلئے پولنگ نوبجے شروع ہوئی۔ ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ کی ابتداء میں ووٹرز کا کم ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آرہا ہے۔  قومی اسمبلی کی نشست این اے 107گجرات اور این اے 162 ساہیوال پرپولنگ جاری ہے ، اِسی طرح پی پی 26 جہلم، پی پی 92 گوجرانوالہ، پی پی 122 سیالکوٹ، پی پی 129 سیالکوٹ، پی پی 133 ناروال اور پی پی 226 ساہیوال جبکہ سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 21 نوشہروفیروز پر بھی ضمنی انتخابات میں پولنگ جاری ہے۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 162 ساہیوال 3 کی نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی زاہد اقبال کی دوہری شہریت کے باعث خالی ہوئی، اس نشست پر 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے علی فرید کاٹھیا، مسلم لیگ ن کے چوہدری زاہد اقبال اور تحریک انصاف کے رائے حسن نواز کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ این اے 107 گجرات 4 کی نشست مسلم لیگ ن کے ملک جمیل اعوان کو دوہری شہریت کے باعث خالی ہوئی ہیں۔ یہاں 14 امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے ملک محمد حنیف اعوان اور پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار چوہدری رحمان نصیر  کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 226 ساہیوال 7 مسلم لیگ ق کے ایم پی اے ملک اقبال احمد لنگڑیال کو نااہل قرار دیئے جانے کے باعث خالی ہوئی تھی، یہاں 10 امیدوار کے درمیان مقابلہ ہے، تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ق کی بیگم نسیم لنگڑیال اور مسلم لیگ ن کے چوہدری حنیف کے درمیان متوقع ہے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 92 گوجرانوالہ II مسلم لیگ ن کے اشرف چوہان کی دوہری شہریت کے باعث خالی ہوئی، اس نشست پر 15 امیدوار میدان میں ہیں، تاہم مسلم لیگ ن کے امیدوار نواز چوہان اور پیپلز پارٹی لالہ اسد اللہ پاپا کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے۔ پی پی 122 سیالکوٹ 2 پر مسلم لیگ ن کے چوہدری اخلاق کی دوہری شہریت پر خالی ہوئی، اس نشست پر مسلم لیگ ن کے چوہدری اکرم کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے راجا عامر کے ساتھ ہے۔پی پی 129 سیالکوٹ چار کی نشست مسلم لیگ ن کے چوہدری جمیل اشرف کی دوہری شہرت کے باعث خالی ہوئی جس پر مسلم لیگ سے محسن اشرف کا مقابلہ مسلم لیگ ق کے عنصر بریال سے ہوگا۔ پی پی 133 نارووال تین مسلم لیگ ق کے ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی ، اس نشست کیلئے مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نعمت علی جاوید اور مسلم لیگ ق کے عمر شریف میدان میں ہیں۔پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 26 جہلم تین مسلم لیگ ن کے ندیم خادم کی دوہری شہریت پر خالی ہوئی جہاں 6 امیدوار میدان میں ہیں، مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار چوہدری محمد عارف اور آزاد امیدوار صوفی محمد عزیز کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے۔ سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 21 نوشہروفیروز پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر احمد علی شاہ کی دوہری شہریت پر نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ صوبائی اسمبلی کی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیداور سرفراز حسین شاہ اور نیشنل پیپلز پارٹی کے امیدوار سید افضال حسین شاہ کے درمیان مقابلہ ہے اور اس حلقہ میں دونوں جماعتوں میں تناؤ کی کیفیت پائی جاتی ہے

مزیدخبریں