اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے سینیئر وکلاء نے فاضل چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دینے کے لئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرتوفیق آصف، طارق اسد اور اظہر صدیق سمیت متعدد وکلاء نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کے نام خط میں کہا ہے کہ ریٹائر ڈہونے والے چیف جسٹس کے اعزاز میں عشائیہ تقریب کی روایت کو برقرار رکھا جائے اور اس مقصد کے لئے تین روز میں بار ایسوسی ایشن کا خصوصی اجلاس بلا کر تقریب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ واضح رہے کہ وکلاء تنظیموں میں موجود ایک بااثر گروپ کی کوشش ہے کہ یہ عشائیہ کسی صورت میں بھی نہ دیا جائے اور اسی مقصد کے لیئے چند روز قبل سپریم کورٹ کے گیٹ پر وکلاء اور پولیس کا تصادم کروایا گیا تھا اور فاضل چیف جسٹس کے حوالے سے بدزبانی کی گئی تھی۔