لاہور‘ فیروز والا (نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں ڈی ایس پی 4 اہلکاروں سمیت 31 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں تین عورتیں بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک مسافر ویگن شاہدرہ سے نارنگ کی طرف جا رہی تھی‘ جب یہ ویگن کالاخطائی روڈ پر چٹا پل کے قریب پہنچی تو تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری اور الٹ گئی جس کے باعث 18 افراد نعیم‘ امجد‘ ذوالفقار‘ رفیق اور اقبال وغیرہ زخمی ہوگئے۔ قریبی آبادی کے لوگوں نے مزدا ویگن کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور ہسپتال پہنچایا۔ مسافروں سے بھرا ہوا چنگ چی رکشہ الٹنے سے تین عورتوں صابراں بی بی‘ نصیر بی بی‘ رضیہ بی بی سمیت پانچ افراد منظور وغیرہ زخمی ہو گئے۔ نصیرآباد کے علاقہ میں فیروزپور روڈ پر ٹرک اور پولیس موبائل وین میں تصادم کے نتیجہ میں ڈی ایس پی اور چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ نصیرآباد کے علاقہ میں فیروزپور روڈ پر گشت کرتی ہوئی پولیس موبائل وین کو تیزرفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس سے پولیس وین میں موجود ڈی ایس پی عمران نواز‘ کانسٹیبل افضل‘ جاوید‘ وقار اور زبیر زخمی ہو گئے۔ ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ لاہور روڈ پر تیزرفتار ویگن نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے باعث دو نوجوان عابد علی اور فتح محمد شدید زخمی ہو گئے۔
ٹریفک حادثات میں ڈی ایس پی‘4 اہلکاروں سمیت 31 افراد زخمی
Dec 04, 2013