قتل کے مقدمات میں ملوث 4 ملزموں کو سزائے موت کا حکم

لاہور (اپنے نامہ نگار سے‘ نامہ نگار)   ایڈیشنل سیشن جج صادق مسعود نے قتل کے مقدمے میں ملوث 2 ملزمان کو سزائے موت اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان عاطف اور ظفر نے معمولی تلخ کلامی پر 2008 ء میں منیر نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس پر تھانہ شاہدرہ پولیس نے مذکورہ دونوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کروا دیا تھا۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے وکلاء فریقین کے دلائل سننے کے بعد مذکورہ بالا حکم دیدیا ہے۔ ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ جج تحصیل فیروزوالا عبیر گل نے تھانہ فیکٹری ایریا کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کاشف عرف بھٹو کو سزائے موت کی سزا کا حکم اور پانچ لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق 28 جون 2009ء کو ندیم کاشف نے کوٹ نور شاہ میں معمولی جھگڑے پر نوجوان محمد نواز کو قتل کیا تھا۔ اسی عدالت نے تھانہ شرقپور کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم بشیر کو سزائے موت اور پانچ لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق 19 اگست 2009ء میں ملزم نے شرقپور کے علاقہ میں موبائل چوری کے تنازع پر خادم حسین کو قتل کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن