لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری اور ترقی کے تمام امکانات موجود ہیں ، عالمی برادری کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ اور ایڈکی بجائے ٹریڈ پر عمل کرتے ہوئے ان امکانات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے -انہو ں نے کہا کہ یورپی مارکیٹوں میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو رسائی ملنے کے بعد پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور فوری طور پر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمد ات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہو گا ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین کے ایمبسیڈرلارس گنروگ مارک سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں اُن سے ملاقات کی -گورنر پنجاب نے کہا کہ یورپی یونین میں جی ایس پلس سٹیٹس کے حصول کے لیے وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی پوری ٹیم نے مربوط کوششیں کیں جن کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں پاکستان کو کامیابی ملی۔