لاہور (احسن صدیق) وزارت خزانہ پنجاب نے آئندہ مالی سال 2014-15ء کے صوبائی بجٹ کی تیاری کے لئے تمام صوبائی محکموں سے اور نیم حکومتی اداروں سے اخراجات جاریہ اور ترقیاتی اخراجات کے تخمینہ جات طلب کر لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں محکمہ خزانہ پنجاب نے تمام صوبائی محکموں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے کہ وہ یکم جنوری 2014ء تک اپنی بجٹ تجاویز محکمہ خزانہ پنجاب کو ارسال کر دیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 950 ارب روپے کے لگ بھگ ہو گا جس میں اخراجات جاریہ کا حجم 630 ارب روپے اور ترقیاتی اخراجات کا حجم 320 ارب روپے کے لگ بھگ ہو گا تاہم آئندہ مالی سال کے لئے پنجاب کے بجٹ کا حتمی حجم فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لئے ٹیکس وصولی کے ہدف کے تعین کے بعد ہو گا۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ غیر ضروری اخراجات کو بجٹ تخمینہ جات میں شامل نہ کیا جائے۔ ٹیکس اکٹھا کرنے والے صوبائی محکموں سے بھی صوبائی ٹیکسوں کی آمدن میں اضافے کے لئے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔