لاہور (احسان شوکت سے) پاکستانی معاشرہ اخلاقی طور پر اتنی تیزی سے انحطاط کا شکار ہو رہا ہے کہ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر شراب و ڈانس پارٹیوں کے انعقاد کے لئے آرگنائزر بھی میدان میں آ گئے جنہوں نے فارم ہاؤسز، کلبوں، ہوٹلوں اور پوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں میں شراب و ڈانس پارٹیوںکے ’’تمام‘‘ انتظامات کے لئے مارکیٹنگ اور بکنگ شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں شراب وشباب اور ڈانس پارٹیوں کا رجحان اتنی تیزی سے زور پکڑ رہا ہے کہ ان پارٹیوں کے انعقاد کے حوالے سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عیاش افراد کے گروپس بن گئے ہیں۔ گروپ میں شامل ہر فرد باری باری پارٹی کا انعقاد کرتا اورگروپ میں شامل تمام افراد کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتا ہے جبکہ ان گروپس میں شامل بااختیار افراد کسی بھی کام کے سلسلہ میں اپنے ساتھیوں کو نوازتے بھی ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ مادرپدر آزاد عیاش امراء کی جانب سے شہر کے مضافات میں فارم ہاؤسز کے علاوہ پوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں اور ہوٹلوں کے ہالوں میںشراب و ڈانس پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں جبکہ ہوٹلوں کے سویٹ رومز میں بھی منی پارٹیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر یہ پارٹیاں اتنا زور پکڑ جاتی ہیں کہ ایونٹ مینجمنٹ کے نام پر ان پارٹیوں کے انتظامات کے لئے درجنوں آر گنائزر بھی میدان میں آ گئے ہیں جو پیسے لے کر پارٹیوں میں ہر قسم کی منشیات، شراب اور شباب کا اہتمام خود کرتے ہیں۔ اس مذموم کاروبار سے وابستہ افراد ایک مافیا کا روپ دھار چکے ہیں اور دھڑلے سے ڈانس پارٹیوں کے لئے خواتین کی تصاویر پر مبنی البم، کمپیوٹر پر باقاعدہ ویب سائٹس اور اکاؤنٹ بنا کر تشہیر و بکنگ کر رہے ہیں۔