لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مجلس وحدت المسلمین نے کراچی میں علامہ دیدار حسین کی ٹارگٹ کلنگ پر وفاقی داخلہ چوہدری نثار اور صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات راجہ ناصر عباس شیرازی نے صوبائی دفتر میں سنی اتحادکونسل کے وائس چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا اور سینیٹر فیصل رضا عابدی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اورپنجاب کی صوبائی حکومتیں ملک میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں جس کی ذمہ داری وفاقی وزیر داخلہ اورصوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ پرعائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا علامہ دیدارحسین شیعہ سنی اتحادکے علمبردار تھے۔ انکا قتل سانحہ راولپنڈی کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ریاستی اداروں نے تقویت دی۔ دہشت گرد درندے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں سے مایوس ہوتے جا رہے ہیں۔ سڑکوں پر لوگ مارے جا رہے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا عوامی مزاحمت سے دہشت گردی کو روکیں گے جس کیلئے شیعہ سنی جماعتیں متحد ہو رہی ہیں۔ ناصر شیرازی نے کہا وہ نام نہاددفاع پاکستان کونسل کو نہیں مانتے جو بات توپاکستان کے دفاع کی کرتے ہیں لیکن طالبان کی حامی بھی ہیں۔ انہوں نے 5جنوری کواسلام آبادمیں شیعہ سنی اتحادکے حوالے سے کنونشن بلانے کا اعلان بھی کیا۔ سنی اتحادکونسل کے وائس چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سنی اتحادکونسل علامہ دیدارحسین کی شہادت کی بھرپورمذمت کرتی ہے، ہم نے بہت لاشیں اٹھالیں ا ب سڑکوں پر نکلیں گے۔ طالبان کے حامی ہوش کے ناخن لیں، چودھری نثار اور رانا ثناء اللہ دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ سینٹرفیصل رضا عابدی نے کہا وہ حکومت کوآخری وارننگ دیتے ہیں اگر دہشت گردی کا سلسلہ بندنہ ہواتوکراچی سے اسلام آبادتک مارچ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کی خاطر صبر کیا، دفاع کیلئے بندوق اٹھائی تو ملکی بقاء خطرے میں پڑ جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ناکام ہو چکی ہے تو مارشل لاء لگا دیا جائے۔
علامہ دیدار حسین کی ٹارگٹ کلنگ سانحہ راولپنڈی کا تسلسل ہے: ناصر شیرازی
Dec 04, 2013