ڈینگی ہلاکتیں، ناقص ادویات فراہم کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے ڈینگی سے ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے دائر درخواست کی سماعت کے دوران حکومت پنجاب سے ناقص ادویات فراہم کرنے والے اداروں اور ذمہ داران افسران کے خلاف کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی اور سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت درخواست گزار نوشاب اے خان کی جانب سے موقف اختیارکیاگیا کہ ڈینگی کی وبا کے خلاف جعلی ادویات کے استعمال سے اس پر قابونہیں پایاجارہا اورایک مرتبہ پھر یہ وبا شدت کے ساتھ نمودار ہوگئی ہے۔ دوران سماعت فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ بادی النظرمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کیلئے جن اداروں سے ادویات خریدی گئی ہیں وہ حکومت سے منظور شدہ ہیں اور سابقہ سالوںکی نسبت ڈینگی کی وبا پر کافی قابو پا لیا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ حکومت پنجاب نے جن اداروں سے ادویات خریدی اور جو افسران اسکے ذمہ دار ہیں ان تمام کی تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کی جائے اور کیس کی مزید سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن