اسلام آباد/ کوئٹہ (وقت نیوز+ اے این این) الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے مجوزہ سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ بلدیاتی الیکشن میں پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع الیکشن کمشن کے مطابق فوج بلانے کا فیصلہ صوبوں کی درخواست پر کیا گیا۔ پاک فوج کوئیک رسپانس فورس کے فرائض سرانجام دیگی۔ حساس اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر فوج تعینات ہو گی۔ دریں اثناء صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ضلع کونسل، یونین کونسل اور شہری وارڈ میں 18ہزار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا 32لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ الیکشن کے دوران سیاسی جماعتوں امیدواروں اور ان کے حامیوں کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنا ہوگی تاکہ الیکشن پرامن ماحول میں ہوسکیں پرامن الیکشن کے انعقاد کی راہ میں رکائوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کاررروائی ہوگی۔ فوج کوئیک رسپارنس کے طور پر موجود رہے گی جبکہ انتخابات میں فوج ایف سی پولیس اور لیویز کے 50 ہزار اہلکار تعینات کئے جائینگے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز خان بگٹی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں غیر جانبدار رہیں گے، اسلحہ اٹھا کر جمہوری عمل کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی کے ساتھ پیش آئیں گے۔