پشاور ، لاہور (ثناء نیوز) قیدیوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم جسٹس پراجیکٹ پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کے بگرام جیل میں اس وقت بھی 30 کے قریب پاکستانی قیدی موجود ہیں جن پر نہ تو کوئی مقدمہ چلایا جا رہا ہے اور نہ ہی انھیں کسی وکیل تک رسائی ہے۔ بگرام جیل سے حال ہی میں رہائی پانے والے چھ پاکستانی قیدیوں کو پشاور سینٹرل جیل رکھا گیا ہے ۔ گزشتہ روز چھ پاکستانی قیدیوں کو ان کے خاندانوں سے ملاقات کروائی گئی۔حکومتِ پاکستان کی تحویل میں قید ان قیدیوں کی ملاقات پیر کو لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر کروائی گئی۔امریکی قید سے رہائی پانے والے ان قیدیوں کا تعلق پشاور اور پاکستان کے قبائلی علاقوں سے ہے۔ان قیدیوں نے افغانستان میں کئی برس جیلیں کاٹیں لیکن ان پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا جس کے بعد انھیں 16 نومبر کو پاکستان کے حوالے کردیا گیا اور اس وقت یہ پشاور سینٹرل جیل میں قید ہیں۔