راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کرنیوالے عدالتی کمشن کے پاس ایک شخص نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ اورنگزیب ولد نور بخش کا تعلق شاہ خالد کالونی سے ہے۔ علاوہ ازیں سانحہ راولپنڈی میں متاثر ہونے والے مدرسہ کے نائب مہتمم و ترجمان مولانا امان اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ کے وقت لاپتہ ہونے والے بیشتر طلبا ء واپس آچکے ہیں جبکہ مدرسہ کا ریکارڈ خاکستر ہونے کے باعث تعدادکا علم نہیں، مدرسہ اور مارکیٹ کی تعمیر کیلئے نقشہ پر صوبائی حکومت سے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں تاہم امید ہے کہ اس معاملہ پر بھی افہام تفہیم سے فیصلہ کرلیا جائیگا۔ میڈیا کے ہمراہ پہلی مرتبہ جائے حادثہ پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ نقشہ کی تیاری کے وقت مدرسہ کے منتظمین کو اعتماد میں لیا جائے۔ لائوڈ سپیکر کے حوالہ سے لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں جو فیصلے ہوئے وہ درست ہیں ان پر عمل بھی ہونا چاہئے۔