عمران نے سیاست میں گندگی کو فروغ دیا، گالی اور مذاکرات ساتھ نہیںچل سکتے: مشاہد اللہ

Dec 04, 2014

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ گالی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ عمران خان نے گزشتہ روز نوازشریف کے خلاف جو غلط زبان استعمال کی اور جس طرح ایسی ہی زبان استعمال کرنے کا عزم کیا اسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان کیخلاف بہت کچھ کہہ سکتے ہیں لیکن وہ اس قابل ہی نہیں کہ ان کی گالی کا بھی جواب دیا جائے۔ عمران خان نے سیاست میں گندگی کو فروغ دیا۔ حکومت تو عمران خان سے مذاکرات اور انکی کامیابی کی خواہشمند ہے لیکن ڈر ہے کہ عمران خان خو د ہی اپنی جماعت اور ہماری کوششوں کو نتیجہ خیز نہیں بننے دیں گے۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی نیک نیتی سے مذاکرات کئے اور استعفیٰ کے علاوہ تمام مطالبات تسلیم کر لئے اور اب بھی چاہتے ہیں کہ تمام معاملات باعزت طریقے سے طے پا جائیں تاکہ عمران خان بھی سبکی سے بچ جائیں اور حکومت بھی ترقی کے عمل کو جاری رکھ سکے۔ عمران خان اللہ کو مانیں اور ملک کو کرپشن کے حوالے سے بدنام کرنا چھوڑ دیں۔ سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان دھرنا سمیٹ کر اسمبلیوں میں آنا شروع کردیں۔ انتخابی اصلاحات میں عمران خان اور تحریک انصاف کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔

مزیدخبریں