ملتان (خبر نگار خصوصی) ڈیرہ اڈا چوک کے نزدیک خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس سے 100 کے قریب جھگیاں اور ان میں پڑا سامان جل گیا جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا جبکہ متاثرین نے ڈیرہ اڈا چوک بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ اور پنجاب حکومت سے ان کے نقصان کا ازالہ کرنے اور متبادلہ جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایم کیو ایم جنوبی پنجاب کے صدر مرزا فرقان علی مغل‘ ضلع ملتان کے صدر ذیشان دلاور قریشی اور دیگر کارکنان نے گزشتہ روز ڈیرہ اڈا چوک کے قریب جلنے والی جھونپڑوں کے متاثرین سے ملاقات کی۔ قائد تحریک الطاف حسین کی طرف سے انہیں ہرممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی ملتان کے ایک وفد نے سیکرٹری جنوبی پنجاب ڈاکٹر جاوید صدیقی کی قیادت میں عظمت واسطی روڈ ڈیرہ اڈا کا دورہ کیا اور جلنے والی جھونپڑیوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے متاثرین کی امداد اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ملتان: آتشزدگی سے خانہ بدوشوں کی 100جھگیاں جل گئیں، متاثرین کا مظاہرہ
Dec 04, 2014