مذاکراتی ٹیم کا مینڈیٹ عمران نے چھینا، مذاکرات کیلئے ہر وقت تیار ہیں: احسن اقبال

Dec 04, 2014

کراچی (این این آئی+ آئی این پی) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہے، مذاکراتی ٹیم کا مینڈیٹ عمران خان نے چھینا تھا ہم نے نہیں، نیا پاکستان بنانے والے تو 15 دن کا پروگرام نہیں بناسکتے وہ ملک کیسے چلائیں گے، قوم بہتر کارکردگی دکھانے والوں کے حق میں فیصلہ کریگی۔ وہ بدھ کو یہاں سندھ مدرسۃالاسلام میں جناح میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے عمران خان کے دھاندلی کے مطالبے پر سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ انتخابی اصلاحات کے مطالبے پر کمیٹی پہلے سے کام کر رہی ہے، ایک دوسرے پر پتھر مارنے کے بجائے اپنے اپنے صوبوں میں عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کو آصف زرداری، ولی خان کی بھی ضرورت ہے، کیوں کہ کوئی تنہا پاکستان کو سنبھال نہیں سکتا تمام لیڈر پاکستان کی حقیقت ہیں۔ مزید برآں آئی این پی کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہے کہ مرچ مصالحے کی سیاست سے نہ کسی جماعت کا فائدہ ہو گا نہ ہی پاکستان کا، موجودہ حکومت ملک میں صنعتی انقلاب کے بعد تعلیمی انقلاب رہی ہے، بجٹ میں قومی نصاب کونسل، صوبوں کے ساتھ مل کر بنائے گی، تمام صوبوں کے بچوں کا حق ہے کہ انہیں یکساں نظام تعلیم کا حق ملے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ہمیں مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ دریں اثناء احسن اقبال نے سندھ مدرسہ میں جناح میوزیم کا افتتاح کیا اور افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر کو تقریب کے اختتام پر گو نواز گو کے نعروں کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق نعرے لگانے والے تحریک انصاف کے کارکن تھے اور انہوں نے احسن اقبال کو گیٹ سے باہر نکلتے ہی ان کے سامنے آ کر نعرے لگانے شروع کر دیئے، جس پر احسن اقبال خاموشی سے گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔

مزیدخبریں