نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی کابینہ کی وزیر مملکت سادھوی نرنجن جیوتی کے متنازعہ ریمارکس کہ دہلی پر رام زادوں کی حکومت ہونی چا ہیے یا… کی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ وزیر کو جھاڑ پلا دی۔ مودی نے گذشتہ روز نئی دہلی میں بی جے پی کی پارلیمانی بورڈ میٹنگ کے دوران پارٹی کے تمام رہنمائوں، ارکان اسمبلی اور وزراء کو سختی سے اپنی زبانیں قابو میں رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اور ارکان اسمبلی عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے احتیاط سے بولا کریں تاکہ ملک کا ماحول خراب نہ ہو۔ واضح رہے کہ سادھوی نرنجن نے اپنی تقریر میں بالواسطہ طور پر اقلیتوں اور دوسری جماعتوں کو گالی دی تھی جس پر بھارتی پارلیمنٹ میں منگل کے روز زبردست احتجاج ہوا تھا اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے سادھوی کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔