جماعة الدعوة کا اجتماع آج شروع ہوگا، کشمیر کی آزادی قریب ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعة الدعوة پاکستان کا دو روزہ مرکزی اجتماع آج 4دسمبر سے مینار پاکستان گراﺅنڈ میں شروع ہو گا۔ سندھ، بلوچستان، شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر سے بڑی تعداد میں قافلے لاہور پہنچ گئے۔ مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ایک دن قبل ہی بڑے اجتماع کا منظر دیکھنے میں آرہا ہے، پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر سے عوام کی ایک بہت بڑی تعداد شریک ہورہی ہے، اجتماع کا اہم پروگرام آج سہ پہر تین بجے ”نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے “ کے عنوان سے ہونے والی قومی کانفرنس ہے جس میں ملک بھر سے مذہبی، سیاسی، کشمیری و علاقائی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ شرکاءکیلئے مینار پاکستان گراﺅنڈ میں خیمہ بستیوں کا ایک شہر آباد ہے۔ اجتماع کیلئے ایک بڑا سٹیج اور وسیع و عریض پنڈال بنایا گیا ہے جس میں شرکاءنماز بھی ادا کر سکیں گے۔ سکیورٹی انتظامات کے لئے 15ہزار رضاکار سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر مامور ہیں۔ مینار پاکستان گراﺅنڈ کے چاروں اطراف جنگلوں پر قناتیں لگاکر اندر اور باہر سکیورٹی رضاکار چوبیس گھنٹے اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ مردوں کے داخلہ کیلئے تین گیٹ بنائے گئے ہیں جہاں واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی جانب سے مردوں و عورتوں کیلئے الگ الگ خیمہ بستیاں اور فیلڈ ہسپتال بنائے گئے ہیں۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی طرف سے 22 ڈسپنسریاں بنائی گئی ہیں اور 70سے زائد ایمبولینسیں کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت وہاں موجود رہیں گی۔ خصوصی افراد کیلئے پنڈال میں الگ جگہ مختص کی گئی ہے جہاں گونگے بہرے افراد کو مقررین کی تقاریر کا اشاروں کی زبان میں ترجمہ کر کے سمجھایا جائے گا۔ اجتماع کا اختتام کل نماز جمعہ کے بعد ہو گا۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز نماز مغرب کے بعد غیر رسمی طور پر علماءکرام نے اجتماع میں شرکت کیلئے آنے والوں سے خطاب کیا۔ لاہور کے داخلی راستوں پر لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں اور مینار پاکستان گراﺅنڈ کی اطراف میں جگہ جگہ جماعة الدعوة کے رضاکار موجود ہیں جو لوگوں کو اجتماع گاہ کی جانب جانے کیلئے رہنمائی کر رہے ہیں۔ اجتماع کے دوران بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ گزشتہ روز قاری بشیر احمد آف کراچی، مولانا عبدالعزیز آف کوئٹہ و دیگر علمائے کرام نے خطابات میں کہا کہ ہر شخص کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور اپنے دلوں میں تقویٰ پیدا کرنا چاہیے۔
لاہور (عدنان فاروق) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت، امریکہ اور انکے اتحادی چاروں اطراف سے پاکستان کا گھیراﺅ کررہے ہیں، سیکولر قوتیں پاکستان کو سیکولرازم کی طرف لے جانا چاہتی ہیں حالانکہ پاکستان کی بقا نظریہ پاکستان میں ہے، افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فورسز کی جگہ بھارتی فوج متعین کرنے کی منصوبہ بندی پر عمل کیا جا رہا ہے، اسلام دشمنوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے سیاسی افراتفری ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ اجتماع سے ملک گیر سطح پر قومی یکجہتی کا اظہار ہوگا اور اسلام و پاکستان کے دشمنوں کو مضبوط پیغام جائیگا۔ نوجوان نسل کے اخلاق و کردار برباد ہونے سے بچانے کیلئے انہیں اسلامی تعلیمات اور نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ جنرل اسمبلی میں نوازشریف کے بیان پر مودی کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا لیکن صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا بلکہ پالیسیوں میں اصلاح کی ضرورت ہے، مودی تشدد کی سیاست کا قائل ہے، میں اسے بھارت کا گورباچوف سمجھتا ہوں، کشمیر کی آزادی قریب نظر آرہی ہے، بھارت پاکستان کا دوست تھا نہ ہے اور نہ رہیگا، فرقہ واریت کی بنیادوں پر قتل و غارت کے پیچھے بھارت و امریکہ کا ہاتھ ہے۔ افغانستان میں نیٹو کی شکست کا ذمہ دار امریکہ پاکستان کو سمجھتا ہے اسی لئے دشمن طن عزیز کے خلاف خوفناک منصوبے رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز ”نوائے وقت“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان کے استحکام اور بقا کیلئے کشمیرکو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے چھڑانا بہت ضروری ہے۔ کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور مظلوم کشمیری ہر پاکستان کے دل میں بستے ہیں، پاکستانی قوم شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیگی، بھارت ظلم و جبر کی بنیاد پر کشمیرپر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔ کشمیریوں کی تکلیف کا درد پاکستانی اپنے سینوں میں محسوس کرتے ہیں۔ بھارت سے یکطرفہ دوستی وتجارت یا کشمیر یوں کی مرضی کے برعکس مسلط کردہ کوئی حل قوم قبول نہیں کرے گی۔ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ کا نعرہ نوجوان نسل کے ذہنوں سے نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ملک میں ہونے والی دہشت گردی وتخریب کاری میں بھارت سرکار ملوث ہے اور پاکستانیوں کو گروہ بندیوں میں تقسیم کرنے کی خوفناک سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کو بھارتی سازشوں کے مقابلہ کیلئے متحد و بیدار کیا جائے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ہونیوالے اجتماع سے ملک میں سیاسی افراتفری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم نے مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی، مذہبی و علاقائی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی ہے۔
حافظ سعید

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...