صوابی (این این آئی) عمران خان کی خصوصی ہدایت پر تحریک انصاف اور عوامی جمہوری اتحاد پاکستان کے مابین گلے شکوے دور کرنے کیلئے صوبائی وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی قیادت میں صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کا جرگہ اتحاد کے چیئرمین اور سینئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی کے پاس ان کے گائوں ترکئی ضلع صوابی پہنچ گیا اور دونوں اتحادی جماعتوں کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد گلے شکوے دور ہوگئے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے عوامی جمہوری اتحاد کی قیادت کے گلے شکوے درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ 30 نومبر کے جلسہ عام میں جو کچھ ہوا وہ انجانے کی وجہ سے ہوا جان بوجھ کر کچھ نہیں کیا گیا عوامی جمہوری اتحاد صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کی مضبوط اتحادی جماعت ہیں۔ مستقبل میں بھی دونوں جماعتوں کا اتحاد رہیگا۔ اس موقع پر اتحادکے چیئرمین شہرام خان ترکئی نے جرگہ کو بتایاکہ اتحاد کے کارکن چودہ اگست سے اب تک تحریک انصاف کے دھرنوں میں شرکت کررہے ہیں لیکن آج تک تحریک انصاف کے قیادت نے ان کارکنوں کی کسی قسم کی حوصلہ افزائی نہیںکی جبکہ 30 نومبر کے دھرنے میں ایک کارکن عرب ولی خان حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پاگیا لیکن تحریک انصاف کے کسی بھی رہنما نے جنازے میںشرکت کی نہ تعزیت کی۔ اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ شہرام خان ترکئی کو تقریر کرنے کا حق تھا انہوں نے تحریک انصاف کے دھرنے کو کامیاب بنانے کیلئے شروع ہی سے محنت کی ہے ہم غلطی کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر اتحاد کے رہنمائوں اور کارکنوں کے گلے شکوے دورکرنے کیلئے بطور جرگہ ترکئی ہائوس آئے۔
عمران کی مداخلت، پرویز خٹک نے عوامی جمہوری اتحاد کو منالیا، شہرام کے گھر جرگہ
Dec 04, 2014