حیدرآباد /نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے کوئی سیاسی سبق نہیں سیکھا، مودی مسئلہ کشمیر جیسے پیچیدہ مسئلے سے نمٹنے اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے معاملے میں ناکام رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سابق را چیف اے ایس دولت نے اپنی کتاب’’کشمیر دی واجپائی ائیرز‘‘ کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انٹرویو میں کہاکہ وزیراعظم مودی کو جموں وکشمیر کے پیچیدہ مسئلے سمیت دیگر معاملات کے حل کیلئے اپنے پارٹی کے سینئر رہنما اٹل بہاری واجپائی سے سیاسی سبق حاصل کرنا چاہیے۔ جواہر لال نہرو کے بعد اٹل بہاری واجپائی پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے جموں وکشمیر کے متنازعہ مسئلے کو سمجھا۔ انکا کہنا تھاکہ مودی کی پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے کی پالیسی غلط تھی، پڑوسی ملک کے ساتھ تسلسل کے ساتھ بات چیت جاری ضروری تھی جیسا واجپائی دور میں کیا گیا۔