کوئٹہ(بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کے اقتدار اعلیٰ، بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر حق اختیارکی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوںگے۔ یٰسین بلوچ ہمارے قومی رہنما تھے ان کی شہادت سے پارٹی اور بلوچستان عظیم قومی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ میں بلوچستان اور بلوچ قوم کیلئے شاندار جدوجہد پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی خواتین ونگ کی جانب سے شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تربت میں اتنے بڑے پیمانے پر خواتین کا ریفرنس میں موجود ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں اسی طرح زندہ رہیںگے۔ یاسین بلوچ ایک جدوجہد کے وارث تھے ہمیں ان کے جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کو مزید مستحکم ومنظم کرنا ہوگا۔ بلوچستان ایک مشکل صورتحال سے دوچار ہے بلوچستان کے عوام کے جمہوری، سیاسی وقومی حقوق اور ساحل اور وسائل پر حق اختیارکیلئے ہماری خواتین کو مردوں کے برابر آکر جدوجہد میں حصہ اداکرنا ہوگا۔ ڈاکٹر یاسین بلوچ کی سوچ تعلیم یافتہ پڑھا لکھا بلوچستان تھی، کرپشن واقرباء پروری سے پاک ‘عدل وانصاف پر مبنی بلوچستان کی سوچ کو آگے بڑھانے کیلئے مردوخواتین دونوں کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ کرپشن مافیاکو ہم نے شکست دی ہے ، کرپٹ واقرباء پرور ٹولہ کے خلاف جب تک عوام جدوجہد نہیں کریںگے تب تک انہیں شکست دینا ممکن نہیں‘ ہمیں انفرادی معاملات و مسائل سے نکل کر اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی ہمیں یہ نہیں دیکھنا ہے کہ ہم نے کس کو روزگار دیا بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ ہم نے قابلیت اور میرٹ قائم کرکے نئی مثبت روایت ڈال دی‘ پسند وناپسند اور پارٹی مفادات کے برخلاف میرٹ کو ترجیح دے کر قومی اداروں کی تعمیر وترقی میں حصہ ادا کیا۔ ہمارا سیاسی ایجنڈا واضح ہے۔ واجہ مولا بخش دشتی‘ نسیم جنگیان‘ ڈاکٹر یاسین بلوچ‘ شہید ایوب بلیدی‘ محمد حسین بلوچ ‘ شہید ریاض بلوچ ‘ ڈاکٹر لعل بخش بلوچ سمیت سینکڑوں پارٹی رہنمائوں نے قومی حقوق کے حصول اور ایک منظم سیاسی پلیٹ فارم کے قیام کیلئے قربانیاں دی ہیں‘ پارٹی کے شہیدوں نے جن مقاصد کے حصول کیلئے قربانیاں دی ہیں ہمیں ان کے نقش قدم پر چل کر پارٹی کو منظم وفعال بنانے کی ضرورت ہے۔