نامزد امریکی سفیر نے اسناد صدر ممنون کو پیش کر دیں، تقریب اردو میں ہوئی

Dec 04, 2015

اسلام آباد(آئی این پی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پنا ہ قربانیاں دی ہیں اور اس عفریت کے خاتمے کے لیے پاکستان بین الاقوامی برادری سے بھرپور تعاون کر رہا ہے، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں ہونے والی کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ وہ جمعرات کو پاکستان کے لیے امریکہ کے نامزد سفیر ڈیوڈ ایم ہیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ امریکہ کے نامزد سفیر ڈیوڈ ایم ہیل نے صدر ممنون حسین کو اپنی اسناد ایوانِ صدر میں پیش کیں۔ نامزد سفیر نے صدر مملکت سے ملاقات بھی کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔ واضح رہے کہ اسناد پیش کرنے کی تمام تقریب قومی زبان اْردو میں ہوئی۔

مزیدخبریں